
عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر الزامات یہ ہیں کہ انھوں نے 2021 میں دورۂ سعودی عرب کے دوران حاصل شدہ بلگاری جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا۔
عدالت میں جمع کروائی گئی تفصیلات کے مطابق یہ بلگاری جیولری سیٹ وزیر اعظم کی اہلیہ کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بلگاری سیٹ میں ایک عدد بریسلٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلس بھی شامل تھا۔ سیٹ میں شامل انگوٹھی میں گلابی رنگ کا ہیرا جڑا تھا۔ بریسلٹ میں بھی گلابی ہیرے اور دیگر جواہرات جڑے تھے اور نیکلس میں بھی بیش قیمت موتی اور ہیرے لگے ہوئے تھے۔
ان پر یہ بھی الزام ہے انھوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ فرم سے جیولری سیٹ کی قیمت 58 لاکھ روپے لگوائی اور 29 لاکھ روپے ادا کیے۔
عدالت میں جمع کروائے گئے دفتر خارجہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے سے حاصل شدہ ریکارڈ کے مطابق بلگاری سیٹ کی اصل قیمت سات کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد ہے







