
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے ایک اور مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنماوں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
شاہ محمود قریشی کو اس مقدمے سے بری کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف نو مئی کو سرکاری افسران کی رہائش گاہ جی او آر کے گیٹ پر توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج ہے۔
اس مقدمے میں 33 ملزمان ہیں جبکہ 41 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
رواں برس جولائی میں نو مئی کے ایک مقدمے میں یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں اور شاہ محمود قریشی کو اس مقدمے سے بھی بری کر دیا گیا تھا







