تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

عمران خان کی سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر حقیقی یا جعلی، علمیہ خان کا بیان سامنے آگیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اڈیالہ جیل میں ورزش کرتے ہوئے ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ اس تصویر میں عمران خان کو پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ورزش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے تصدیق کر دی ہے کہ یہ تصویر حقیقی ہے اور مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی سے تیار نہیں کی گئی۔ تاہم، اس کے بعد مزید تصاویر سامنے آنے لگیں جنہوں نے پہلی تصویر کے حوالے سے بھی شبہات پیدا کردیے۔

پیر کو علیمہ خان نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی تصویر دیکھی تو انہیں بھی شبہ ہوا کہ کہیں یہ اے آئی کے ذریعے بنائی گئی نہ ہو۔ اسی وجہ سے انہوں نے تصویر چند افراد کو بھیج کر اس کی تصدیق کروائی۔ تصدیق کے بعد انہیں یقین ہو گیا کہ تصویر واقعی عمران خان کی ہی ہے کیونکہ وہ انہیں قریب سے جانتی اور پہچانتی ہیں۔

علیمہ خان کے مطابق یہ تصویر قید تنہائی سے پہلے کی ہے اور غالب امکان ہے کہ یہ گرمیوں کے موسم میں لی گئی ہو، جس کا اندازہ تصویر میں پسینے کی موجودگی سے ہوتا ہے۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان اس تصویر میں بالکل ویسے ہی نظر آ رہے ہیں جیسے وہ حقیقت میں ہیں۔

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں اکیلے سیل میں قید ہیں، تاہم قید کے باوجود انہوں نے ورزش کو ترک نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی زندگی میں دو چیزیں کبھی نہیں چھوڑیں، ایک اللہ پر ایمان اور دوسری ورزش۔

جواب دیں

Back to top button