
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ (ایل اے پی ڈی) نے بتایا کہ اتوار کو مغربی لاس اینجلس میں واقع ایک گھر سے دو افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس نے اپنے بیان میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم واقعے کو بظاہر قتل قرار دیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے اس سے قبل رائٹرز کو بتایا تھا کہ جائے وقوعہ سے 78 سالہ مرد اور 68 سالہ خاتون کی لاشیں ملی ہیں۔ پبلک ریکارڈ کے مطابق یہ رہائش گاہ معروف اداکار اور ہدایتکار روب رائنر سے منسلک ہے۔
میڈیا رپورٹس میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت روب رائنر اور ان کی اہلیہ کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
روب رائنر 1970 کی دہائی کے مقبول سی بی ایس ٹیلی وژن کامیڈی شو ”آل اِن دی فیملی“ میں شریک اداکار کے طور پر شہرت حاصل کر چکے تھے۔
اس کے علاوہ انہوں نے فلمی دنیا میں بطور ہدایتکار بھی نمایاں مقام حاصل کیا اور کئی یادگار فلمیں بنائیں، جن میں دی پرنسس برائیڈ، دس اِز اسپائنل ٹیپ، وین ہیری میٹ سیلی، اسٹینڈ بائی می اور دی امریکن پریزیڈنٹ شامل ہیں۔
ان کی اہلیہ مشیل، جن کی عمر 68 سال بتائی گئی ہے، ماضی میں فوٹوگرافر کے طور پر کام کر چکی تھیں اور انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وہ تصویر کھینچی تھی جو ان کی کتاب “ٹرمپ: دی آرٹ آف دی ڈیل” کے سرورق پر شائع ہوئی تھی۔
ہالی وڈ میں کامیاب کیریئر کے ساتھ ساتھ روب رائنر اپنی سیاسی سرگرمیوں کے باعث بھی جانے جاتے تھے۔ وہ نیویارک میں پیدا ہوئے تھے اور معروف کامیڈی مصنف و اداکار کارل رائنر کے صاحبزادے تھے۔
انہوں نے 2004 کے صدارتی انتخابات میں جارج ڈبلیو بش کے خلاف اشتہارات میں شرکت کی تھی اور اُس وقت کے ڈیموکریٹک امیدوار جان کیری کی حمایت کی تھی۔







