
پاکستان نے سوڈان کے شہر کدوگلی میں اقوام متحدہ کے امن دستوں پر ہونے والے حملے میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے فوجیوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سوڈان میں ہونے والے اس حملے میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے امن دستوں میں شامل چھ فوجیہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ امن دستے اقوام متحدہ کی عبوری سکیورٹی فورس برائے ابیائی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے تھے۔
پاکستان کے وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن دستے تنازعات کو روکنے، شہریوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے پرچم تلے امن کی حمایت کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں سب سے آگے رہتے ہیں۔
وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان اس بزدلانہ حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور ذمہ داروں کا احتساب کرنے کے لیے فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔‘







