تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

سندھ میں صوبائی وزیر کی کھلی کچہری کے دوران بزرگ شہری پر تشدد، تین افراد گرفتار

سندھ کے ضلع سجاول میں صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کی کھلی کچہری کے دوران ایک معمر شخص پر تشدد کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی علینا راجپر کے مطابق سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وزیر داخلہ ضیا لنجار نے جمعے کی صبح سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے تحقیقات اور گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔

سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایوان میں پالیسی بیان دیتے ہوئے بتایا کہ ’ایک بزرگ شخص جن کا کوئی ذاتی مسئلہ تھا وہاں دوسری پارٹی بھی موجود تھی۔ ان کا آپس میں تصادم ہوا۔ پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کیا۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ورنہ اس طرح کے تنازعات میں بڑے نقصانات بھی ہوتے ہیں۔‘

صوبائی وزیر برائے وویمن ڈیویلپمنٹ شاہینہ شیر علی نے صحافیوں کو بتایا کہ ’کھلی کچہری چل رہی تھی، آخر میں ایک بزرگ شخص نے صدا لگائی۔ پیچھے شرارتی شخص نے اور تین چار لوگ بھی آئے، مارپیٹ کی۔ اس دوران پولیس نے بندے کو محفوظ نکال لیا۔‘

’ان کا زمین کا کوئی مسئلہ ہے جو آٹھ سال جاری ہے اور اس وقت عدالت میں زیر سماعت ہے۔‘
صوبائی وزیر کے مطابق انھوں نے ایس ایس پی اور ڈی سی کو ملزمان کی گرفتاری کی حکم دیا تھا۔

جواب دیں

Back to top button