
پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کارکنوں کا دھرنا رات 2 بجے ختم کرا دیا۔
ذرائع نے بتایاکہ پولیس نے مظا ہرین کو منتشر کرنےکے لیے واٹر کینن چلا دی، سینیٹر مشتاق بھی بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے اظہاریکجہتی کےلیے پہنچےجو واٹرکینن کی زدمیں آگئے۔
ذرائع کے مطابق کارکنوں کی جانب سے پولیس پرپتھراؤ کیا گیا۔ پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور پارٹی کے بانی عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی جس پر انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دے رکھا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو پولیس نے فیکٹری ناکے پر روکا، علیمہ خان کی جانب سے کارکنان کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی گئی اور وہ کارکنان کو ناکے سے پیچھے ہٹاتی رہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پولیس کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں، پولیس والے ہمارے بھائی ہیں یہ ہمارے ساتھ بہت اچھے ہیں، کارکنوں کو اس لیے پیچھے کررہی ہوں کیونکہ خواتین ساتھ ہیں، پولیس والے خود پریشان ہیں۔







