
دبئی ایئر شو ہمیشہ سے دنیا کے محفوظ ترین اور بہترین ایوی ایشن ایونٹس میں شمار ہوتا ہے، جہاں جدید ترین جنگی طیارے اور ہوا بازی کی نئی ٹیکنالوجیز پیش کی جاتی ہیں۔ تاہم رواں برس ایئر شو ایک ایسے افسوس ناک واقعے کی وجہ سے شہہ سرخیوں میں ہے جس نے نہ صرف اس کی تاریخ میں پہلی بار سیاہ باب رقم کر دیا بلکہ بھارت کی دفاعی ٹیکنالوجی کی ساکھ پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھا دیے۔ ایونٹ کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارہ ’تیجس‘ مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارتی پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے پائلٹ کی ہلاکت اور طیارے کی تباہی کی باضابطہ تصدیق کی جاچکی ہے۔
عینی شاہدین اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، طیارہ اپنے مظاہرے کے دوران اوپر اٹھنے اور تیز رفتار موڑ کا مظاہرہ کر رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑ گیا۔ چند لمحوں میں طیارہ نیچے آ کر گر گیا اور آگ کے شعلے بلند ہو اٹھے۔ ایئر شو انتظامیہ نے فوری طور پر ہنگامی سسٹم فعال کرتے ہوئے مظاہرے کا سیشن معطل کر دیا اور ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا۔
ابتدائی تفتیش میں ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ تکنیکی خرابی کا نتیجہ تھا یا پائلٹ کی غلطی۔ حکام کے مطابق مکمل تحقیق کے بعد ہی حتمی وجوہات سامنے آئیں گی، تاہم ابتدائی اشارے تکنیکی مشکلات کی طرف جاتے نظر آرہے ہیں۔
طیارے کی تکنیکی حالت پہلے بھی زیر بحث رہی
یہ حادثہ اس وقت زیادہ اہمیت اختیار کرتا ہے جب چند روز قبل دبئی ایئر شو سے ہی بھارتی طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں تیجس کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہوتا دیکھا گیا تھا۔ اس ویڈیو پر بھارتی اور بین الاقوامی دفاعی ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا تھا اور طیارے کے معیارِ حفاظت پر سوالات اٹھائے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 2016 سے سروس میں موجود تھا اور اسے بھارت کی دفاعی انڈسٹری کی علامت کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔
یاد رہے کہ تیجس طیارہ پہلے بھی حادثے کا شکار ہو چکا ہے۔
مارچ 2024 میں راجستھان کے علاقے جیسلمیر میں تیجس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس طرح دو سال سے بھی کم عرصے میں تیجس کا دوسرا بڑا حادثہ سامنے آیا ہے، جس نے بھارتی فضائیہ اور دفاعی صنعت کے لیے نئی تشویشیں پیدا کر دی ہیں۔
تیجس کا پہلا آزمائشی تجربہ 2001 میں ہوا تھا، اور بھارتی حکومت اسے "میک اِن انڈیا” کا کامیاب عسکری ماڈل قرار دیتی آئی ہے۔ تاہم موجودہ حادثات نے اس دعوے پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
دبئی ایئر شو کے لیے یہ حادثہ نہایت غیر معمولی نوعیت رکھتا ہے۔ ایونٹ کی طویل تاریخ میں پہلی بار کوئی جنگی طیارہ مظاہرے کے دوران تباہ ہوا ہے۔ ایونٹ انتظامیہ نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا اور شو کے ایروبیٹک حصے کو وقتی طور پر روک دیا۔
ایئر شو دنیا بھر کے عسکری ماہرین، دفاعی حکام اور ایوی ایشن کمپنیوں کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے۔ ایسے میں اس حادثے نے نہ صرف شو کی روانی متاثر کی بلکہ دنیا بھر کے نمائندوں کی نظر میں بھارتی دفاعی ٹیکنالوجی کی قابلیت پر بھی نئی بحث شروع کر دی ہے۔







