
ریسکیو ترجمان فاروق احمد کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ گیس لیکج کی وجہ سے سٹیمر بلاسٹ سے ہوا۔ یہ فیکٹری ملک پور، شہاب ٹاؤن میں واقع ہے جس کے قریب کبڈی سٹیڈیم گراؤنڈ موجود ہے۔
ان کے مطابق اس مقام پر چار اکٹھی فیکٹریاں تھیں جن میں سے یہ حادثہ کیمیکل صمد بونڈ والی فیکٹری میں ہوا ہے جبکہ باقی تین فیکٹریوں میں گلو، سیلیکون اور ایمبرائیڈری کا کام ہوتا ہے اور یہ فیکٹریاں بند تھیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق اس حادثے میں نو گھر بھی متاثر ہوئے۔ متاثرین میں تین مزدور اور باقی رہائشی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجہ میں فیکٹری سے ملحقہ ایک مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچوں سمیت مجموعی طور پر لگ بھگ 20 افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔







