
پیپلز پارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی فارورڈ بلاک اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے دیگر اراکین مظفرآباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور شہر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیرکے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اجلاس آج سہ پہر3 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے آئین کے آرٹیکل 27 کے تحت طلب کیا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کا تحریک عدم اعتماد میں اراکین کی حمایت کا دعویٰ 36 سے بڑھ کر 38 ہو گیا ہے اور پیپلز پارٹی کے مطابق پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے مزید 2 ارکان تحریک عدم اعتماد میں شامل ہو گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن وزیراعظم کے خلاف ووٹ دے گی مگر حکومت کا حصہ نہیں بنے گی، مسلم لیگ ن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر صدر آزاد کشمیر ن لیگ شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کے دستخط موجود ہیں لیکن مسلم لیگ ن کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ برقرار ہے۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے مستعفی ہونے کے بجائے تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔







