
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز تیزی دیکھنے میں آئی اور کاروبار کے آغاز کے پہلے آدھے گھنٹے میں انڈیکس 2100 پوائنٹس تک کے اضافے کے بعد 160379 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی حصص کی خریداری کا رجحان دیکھا گیا ہے جس کی وجہ سرمایہ کاروں کے نزدیک موجودہ سیٹ اپ میں تسلسل ہے جسے 27ویں آئینی ترمیم سے مزید تقویت حاصل ہوئی ہے۔
تجزیہ کار شہر یار بٹ نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ 27ویں آئینی ترمیم باآسانی قومی اسمبلی سے پاس ہو گئی ہے اور سرمایہ کاروں کی نطر میں فی الحال موجودہ سسٹم مزید چلتا نظر آ رہا ہے جس سے غیر یقینی کی صورتحال کا خاتمہ ہو گا۔
ان کے مطابق معاشی شعبے میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی خبر آ گئی ہے جو دسمبر کے پہلے عشرے میں ہو گا جس میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر قسط کی منظوری دی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس خبر کا مارکیٹ کے کاروبار پر مثبت اثر پڑا ہے ۔







