تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے سینیٹرز پارٹی سے باہر

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے پاکستان کی ایوانِ بالا سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کے متعلق بل پر رائے شماری کے دوران پارٹی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بل کے حق میں ووٹ دینے والے سینیٹرز کو جماعت سے نکال دیا ہے۔

پیر کے روز ہونے والی رائے شماری کے دوران پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی کے احمد خان نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیے تھے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پارٹی کی جانب سے سیف اللہ ابڑو کو نکالے جانے کے متعلق نوٹیفکیشن کی کاپی شیئر کی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے سیف اللہ ابڑو نے جان بوجھ کر پارٹی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 10 نومبر کو سینیٹ میں ووٹ دیا۔

’آپ کا یہ عمل پارٹی ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے جس سے پی ٹی آئی کے جمہوری اصولوں اور پارلیمانی حکمت عملی کو نقصان پہنچا ہے۔‘

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی ڈسپلنری نے سیف اللہ ابڑو کو پی ٹی آئی سے فوری طور پر نکالنے کی سفارش کی ہے۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سیف اللہ ابڑو اس فیصلے کے خلاف 72 گھنٹوں کے اندر پارٹی کے جنرل سیکریٹری سے تحریری طور پر اپیل کر سکتے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تو یہ فیصلہ حتمی تصور کیا جائے گا اور ان کی پارٹی رکنیت ختم کر دی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button