
پاکستانی فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ 10 نومبر کو ایک گھناؤنی اور ’بزدلانہ دہشت گردی‘ کی کارروائی میں شدت پسندوں نے جنوبی وزیرستان ضلع کے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے اندر آنے کی کوشش کی۔ تاہم ان کے مذموم عزائم کو فوجیوں کے چوکس اور پرعزم ردعمل نے تیزی سے ناکام بنا دیا۔
بیان کے مطابق حملہ آوروں نے اپنی مایوسی میں دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو مین گیٹ پر ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں مین گیٹ منہدم ہو گیا اور ملحقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
فوج کے مطابق غیر متزلزل ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے، ہمارے فوجیوں نے دراندازوں کو درستگی کے ساتھ مشغول کیا، جس سے دو شدت پسندوں ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تاہم تین شدت پسند کالج کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے جنھیں کالج کے انتظامی بلاک میں گھیرے لیا گیا ۔







