
پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان استنبول میں مذاکرات جاری ہیں۔ قطر اور ترکیے کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان نے جمعرات کے روز افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کے شواہد ثالثوں کے سامنے پیش کیے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان انتظامیہ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جن میں قطر اور ترکیے ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے دہشت گردی سے متعلق ناقابلِ تردید شواہد اور اپنے مطالبات ثالثوں کے حوالے کر دیے ہیں۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ مذاکرات میں ثالثوں نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید کی ہے۔ پاکستان کا واضح مؤقف ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون چاہتا ہے، تاہم دہشت گردی کے حوالے سے کسی قسم کی نرمی یا سمجھوتہ ممکن نہیں۔







