
وفاقی حکومت نے ستائیسویں آئینی ترمیم کو باضابطہ طور پر سینیٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کل سینیٹ کے اجلاس میں ترمیم کا مسودہ پیش کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیمی مسودہ پیش کیے جانے کے بعد اسے مزید غور و خوض کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سپرد کیا جائے گا۔ کمیٹی ہفتہ اور اتوار کو خصوصی اجلاس منعقد کرے گی تاکہ مسودے کی شقوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ قائمہ کمیٹی اپنی رپورٹ پیر کے روز سینیٹ میں پیش کرے گی۔ رپورٹ کی منظوری کے بعد ترمیمی مسودہ قومی اسمبلی میں متعارف کرایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کا حتمی مرحلہ 14 نومبر کو قومی اسمبلی میں متوقع ہے۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ترمیم کے عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کرنا چاہتی ہے، اس لیے ہفتہ اور اتوار کو بھی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کل سینیٹ میں ترمیمی مسودہ پیش کرتے وقت اس کے اہم نکات پر ایوان کو بریف کریں گے۔







