
میلبورن: آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پریکٹس سیشن کے دوران ایک نوعمر کرکٹر گیند لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 17 سالہ بین آسٹن فرنٹری گلی میں نیٹ پریکٹس کر رہے تھے جب ہینڈ ہیلڈ بال لانچر سے پھینکی گئی گیند ان کی گردن پر جا لگی۔ واقعے کے وقت وہ ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے تاہم گردن کی حفاظت کے لیے کوئی حفاظتی سامان استعمال نہیں کیا گیا تھا۔
طبی امدادی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دو روز تک لائف سپورٹ پر رہے۔ جمعرات کے روز بین آسٹن زندگی کی بازی ہار گئے۔
مرحوم کے والد جیس آسٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ بیٹے کی ناگہانی موت نے پورے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
کرکٹ وکٹوریہ کے چیف ایگزیکٹو نک کمنز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بین آسٹن کو بالکل اسی انداز میں گردن پر گیند لگی جیسے 2014 میں آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کو لگی تھی، جس سے ان کی موت واقع ہوئی تھی۔







