
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتِ حال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال اور صوبے کے مختلف اضلاع میں فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز اور پاک افغان موجودہ صورتِ حال پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادری سے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد پاکستان کی یکجہتی اور امن کے دشمن ہیں، درندہ صفت عناصر کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے، وفاقی حکومت صوبے میں امن و امان اور انسداد دہشت گردی کے لیے بھرپور ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔







