تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

عثمان وزیر رواں نومبر میں پاکستان میں ڈبلیو بی سی ٹائٹل کا دفاع کریں گے

*عثمان وزیر رواں نومبر میں پاکستان میں ڈبلیو بی سی ٹائٹل کا دفاع کریں گے*

لاہور: پاکستان کے ناقابلِ شکست ویلٹروئیٹ باکسر عثمان وزیر رواں سال نومبر کے آخری ہفتے میں وطنِ عزیز میں ڈبلیو بی سی او پی بی ایف سلور چیمپئن شپ ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ یہ مقابلہ نہ صرف عثمان کے کیریئر بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی باکسنگ میں موجودگی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہوگا۔

عثمان وزیر نے یہ ٹائٹل رواں سال تھائی لینڈ میں انڈونیشیا کے سرفہرست باکسر اسٹیوی فرڈینینڈس کو ناک آؤٹ کر کے حاصل کیا تھا۔ 24 سالہ باکسر کے مطابق، ابتدائی راؤنڈز مشکل تھے لیکن چوتھے راؤنڈ سے کنٹرول سنبھالنے کے بعد دسویں راؤنڈ میں 2 منٹ 22 سیکنڈ پر مقابلہ ختم کر دیا۔ یہ فائٹ DAZN پر براہِ راست 168 ممالک میں نشر ہوئی، جو ان کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہے۔

عثمان وزیر اب اپنے کیریئر کی 18ویں پروفیشنل فائٹ کی تیاری کر رہے ہیں، جن میں وہ اب تک ناقابلِ شکست (17-0) رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے: "میں پاکستان کی سرزمین پر تاریخ رقم کرنا چاہتا ہوں اور قومی پرچم کو سربلند دیکھنا چاہتا ہوں۔”

عثمان کی فتوحات میں ایک اہم کردار "ایکٹیوِٹ” کا بھی ہے — ایک اسپورٹس اور ہیلتھ انیشی ایٹو جسے ڈاکٹر رضوان آفتاب احمد (ڈائریکٹر نیشنل اسپتال، ڈی ایچ اے لاہور) چلا رہے ہیں۔ عثمان کے مطابق، "ایکٹیوِٹ نے میری پچھلی چار بین الاقوامی فائٹس کی مکمل سرپرستی کی ہے، اور ان کی مدد سے میرے لیے ایک خاندان جیسا ماحول پیدا ہوا ہے۔”

گلگت بلتستان کے ضلع استور سے تعلق رکھنے والے عثمان وزیر کا باکسنگ کا سفر 2015 میں اسلام آباد سے شروع ہوا۔ وہ پہلے اسلام آباد چیمپئن بنے، پھر 2017 میں آل پاکستان ایچ ای سی گولڈ میڈلسٹ اور 2018 میں پنجاب گیمز میں نمایاں کارکردگی کے بعد عامر خان باکسنگ اکیڈمی میں شامل ہوئے۔

عثمان نے 2019 میں دبئی سے پروفیشنل باکسنگ کی شروعات کی، اور 2021 میں ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ ٹائٹل جیتا۔ 2022 میں وہ WBO ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بنے، اور اسی سال WBA ایشیا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔ ان کی فتوحات میں بھارت، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، تنزانیہ اور ملائیشیا کے باکسرز شامل ہیں۔

جواب دیں

Back to top button