
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ مبینہ مقابلہ رحیم یار خان کے علاقے میں ہوا، سی سی ڈی اہلکار ملزم طیفی بٹ کو تفتیش کیلئے رحیم یار خان لے کر جا رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم طیفی بٹ کو گزشتہ روز ہی دبئی سے لاہور لایا گیا تھا، ملزم طیفی بٹ پر قتل کے متعدد الزامات ہیں۔
ملزم طیفی بٹ نے دبئی کی عدالت میں بیان دیا تھا کہ وہ پاکستان جا کر اپنے خلاف دائر مقدمات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں
*مبینہ پولیس مقابلہ*
سی سی ڈی نے دعویٰ کیا کہ ملزم کو بذریعہ سڑک کراچی سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا کہ جمعے کو علی الصبح رحیم یار خان کے قریب سی سی ڈی کی گاڑی پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔
سی سی ڈی کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں اس کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا جسے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مسلح افراد طیفی بٹ کو سی سی ڈی کی حراست سے چھڑا کر لے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فرار ملزمان اور طیفی بٹ کی تلاش کے لیے مقامی پولیس کی بھی مدد لی گئی اور صبح پانچ بجے دو مشتبہ گاڑیوں کو روکا گیا اور اس دوران پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا
سی سی ڈی کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے بعد جب سی سی ڈی پولیس گاڑیوں کے قریب پہنچی تو طیفی بٹ شدید زخمی حالت میں موجود تھے، انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
سی سی ڈی کے مطابق فائرنگ کے دوسرے تبادلے میں بھی سی سی ڈی کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔







