
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مضافاتی علاقے غزہ بند کے پہاڑی مقام اغبرگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 مبینہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ملٹری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن منگل اور بدھ کی درمیانی شب مشترکہ انٹیلی جنس اطلاعات پر شروع کیا گیا۔ دہشتگردوں کے پاس بھاری اسلحہ موجود تھا اور دو گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا۔ ہلاک دہشتگرد ماضی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
فورسز نے جائے وقوعہ سے AK-47 رائفلیں، گرنیڈز، راکٹ لانچرز، مشین گنز اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا جو مزید منصوبہ بندی کے لیے استعمال ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران کوئی شہری متاثر نہیں ہوا جبکہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ بلوچستان حکومت نے آپریشن کو کامیاب قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ ماڈل ٹاؤن میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے میں 12 شہری شہید ہوئے تھے۔







