تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

امریکہ: سینیٹ میں بجٹ کی منظوری نہ ہونے پر حکومت شٹ ڈاؤن کا شکار

واشنگٹن: امریکی سینیٹ میں بجٹ سے متعلق قانون سازی ناکام ہونے کے بعد حکومت شٹ ڈاؤن ہو گئی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر تعطل برقرار رہا تو مزید سرکاری ملازمتیں ختم کر دی جائیں گی۔

امریکہ میں نئے مالی سال کا آغاز یکم اکتوبر سے ہوا ہے لیکن بجٹ کی منظوری نہ ملنے کے باعث حکومتی محکمے فنڈز سے محروم ہو گئے۔ قانون سازی کے لیے 60 ووٹ درکار تھے مگر ریپبلکن پارٹی کے پاس صرف 55 نشستیں ہیں جبکہ ڈیموکریٹس کے پاس 45 نشستیں ہیں۔ مطلوبہ ووٹ نہ ملنے پر فنڈنگ کا عمل رک گیا اور حکومتی اداروں کی کارروائیاں معطل ہوگئیں۔

شٹ ڈاؤن کے دوران صرف چند لازمی خدمات انجام دینے والے محکمے فعال رہیں گے جبکہ بیشتر سرکاری ملازمین کو رخصت (فورلو) پر بھیج دیا جائے گا۔ اس دوران پارکس، لائبریریاں اور کئی دیگر شعبوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوں گی۔

ڈیموکریٹس نے بجٹ کی حمایت کو صحت عامہ اور دیگر شعبوں میں کٹوتیاں واپس لینے سے مشروط کیا ہے، جبکہ ریپبلکنز اور ٹرمپ انتظامیہ کوئی رعایت دینے کو تیار نہیں۔ ریپبلکنز سمجھتے ہیں کہ شٹ ڈاؤن کا سیاسی دباؤ ڈیموکریٹس پر آئے گا، جبکہ ڈیموکریٹس کا مؤقف ہے کہ وہ ہیلتھ انشورنس سبسڈی جاری رکھنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

یہ صورتحال 2018-2019 کے بعد پہلا شٹ ڈاؤن ہے۔ اس سے قبل طویل ترین شٹ ڈاؤن ٹرمپ انتظامیہ کے دوران 35 دن جاری رہا تھا جو میکسیکو بارڈر پر دیوار کی فنڈنگ کے تنازع پر ہوا تھا۔

جواب دیں

Back to top button