تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

علیمہ خان ملٹری انٹیلیجنس کی ایما پر تحریک انصاف کو تقسیم کر رہی ہیں، گنڈا پور

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو تقسیم کرنے میں عمران خان کی بہن علیمہ خان کا بنیادی کردار ہے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری ویڈیو پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بجٹ سے پہلے کابینہ میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور عمران خان کی منظوری کے بعد صوبائی وزرا عاقب اللہ خان اور فیصل ترکئی نے استعفے دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا امکان ہے۔

وزیرِاعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پچھلے کچھ عرصے میں عمران خان کی بہنوں کے ذریعے پارٹی فیصلے ہورہے تھے، جس سے تنظیم کے اندر تقسیم اور مایوسی پھیلی۔ انہوں نے کہا کہ "مائنس عمران خان” مہم اور پارٹی میں اختلافات بڑھانے میں علیمہ خان کا بڑا کردار ہے، اور بعض وی لاگرز کو بھی انہی کی پشت پناہی حاصل ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صحافی حفیظ اللہ نیازی عمران خان کی بہن کو پارٹی چیئرپرسن کے طور پر پیش کرنے کے حوالے سے مضامین لکھ رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر عمران خان خاندان میں سے کسی کو چیئرپرسن بنائیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

وزیرِاعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 9 مئی کے واقعات میں بعض سزا یافتہ افراد موقع پر موجود نہیں تھے، البتہ علیمہ خان کا بیٹا موجود تھا جسے جلد ضمانت مل گئی۔ ان کے مطابق علیمہ خان کو "ایم آئی” کی معاونت بھی حاصل ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو سب کچھ کھل کر بتا دیا ہے تاکہ پارٹی متحد ہو سکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے عمران خان کے سامنے ان پر الزام لگایا کہ وہ ملٹری انٹیلی جنس سے رابطے میں ہیں اور پارٹی چیئرپرسن بننا چاہتی ہیں۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے یہ بات سن کر ہنسی میں ٹال دی۔

جواب دیں

Back to top button