
لاہور : صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے سیکرٹری لیبر نعیم غوث کے ہمراہ سوشل سکیورٹی ہسپتال شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کے فراہمی اور دیگر انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی نے صوبائی وزیر کو ہسپتال کی کارکردگی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے لیے 6 ارب روپے کی لاگت سے جدید مشینری خریدی جارہی ہے تاکہ رجسڑڈ محنت کشوں کے علاج معالجے میں مزید بہتری لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال شیخوپورہ کو جلد 100 بیڈز پر منتقل کیا جائے گا نیا بلاک تعمیر کیا جائے گا۔جدید مشینری فراہم ہوگی اور عملے میں اضافہ کیا جائے گا۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ علاقائی ہسپتالوں کو بھی نئی مشینری فراہم کی جائے گی تاکہ لاہور کے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے اور اسی تسلسل میں شیخوپورہ میں مزید لیبر کالونیاں بھی قائم کی جائیں گی۔







