
صوبائی وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت پنجاب سوشل سکیورٹی گورننگ باڈی کا 174واں اجلاس
مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری
لاہور : 25 ستمبر پنجاب سوشل سکیورٹی (پیسی) کی گورننگ باڈی کا 174واں اجلاس صوبائی وزیر لیبر و چیئرمین گورننگ باڈی فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی جن میں ڈسکہ روڈ ڈسپنسری کو سوشل سکیورٹی بنیادی مراکز صحت سیالکوٹ کے درجے پر، ایمرجنسی سنٹر انڈس شوگر ملز کو سوشل سکیورٹی ڈسپنسری کے درجے پر اور ڈسپنسری پنڈی بھٹیاں کو بنیادی مراکز صحت کے درجے پر اپ گریڈ کرنے کی منظوری شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکسلا/واہ کینٹ میں نئی سوشل سکیورٹی ڈسپنسری قائم کرنے اور رحیم یار خان میں 50 بستروں پر مشتمل پیسی ہسپتالوں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گورننگ باڈی نے لاہور ڈیفنس روڈ پر 100 بستروں پر مشتمل کارڈیک ہسپتال کے جلد از جلد قیام کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس میں 166ویں، 167ویں اور 168ویں اجلاس کی منظور شدہ اسکیمز پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی۔ مزید برآں پیسی کے بڑے 12 اسپتالوں کو سولر پر منتقل کرنے رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کنسلٹنٹ تھوراسک سرجن اور کنسلٹنٹ پلمونولوجسٹ کی پوسٹوں کی شفٹنگ، پیسی پنشن ریگولیشنز 2003 میں ترامیم، مریم نواز راشن کارڈ ونگ و دیگر ونگز کے لئے پوسٹوں کی شفٹنگ، 2025-26 میں زائد قیمت پر ادویات کی خریداری کے سپلائی آرڈرز اور پیسی گورننگ باڈی قواعد 1966 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فلڈ ریلیف میڈیکل کیمپس میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کو اعزازیہ دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر ہسپتالوں میں بہترین انتظامات کئے جائیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر اسکولز میں بچوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے بارے آگاہی کلاسز شروع کی جائیں۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔







