
واشنگٹن کے وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات کے آغاز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ "دو عظیم رہنماؤں” سے ملاقات کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں ہی بہترین شخصیات ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ اوول آفس میں ملاقات تھوڑی تاخیر سے شروع ہوگی کیونکہ مہمان رہنما پہلے ہی پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے یہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی دوسری ملاقات تھی۔ اس سے پہلے نیویارک میں اسلامی ممالک کے سربراہان کے اجلاس کے موقع پر بھی دونوں رہنماؤں کی مختصر ملاقات ہوئی تھی۔
جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ میں ہیں جہاں وہ جمعے کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔







