تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

وزیرِاعظم شہباز شریف کی آج وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات متوقع

وزیرِاعظم شہباز شریف کا سفارت کاری سے بھرپور امریکا کا دورہ آج (جمعرات) اپنے اہم ترین مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے، جب ان کی ملاقات وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متوقع ہے۔

شہباز شریف اپنے اس دورے کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو چکے ہیں، مسلم ممالک کے سربراہان کے ایک کثیرالجہتی اجلاس میں خطاب کیا اور نیویارک میں عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اب تمام نظریں واشنگٹن پر مرکوز ہیں، جہاں ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات کو اس دورے کا سب سے اہم ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ سرکاری سطح پر باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، لیکن پاکستان کے سفارتی ذرائع اور میڈیا ٹیم نے اس ملاقات کو ’تقریباً یقینی‘ قرار دیا ہے۔ کئی سینئر سفارت کار پہلے ہی واشنگٹن پہنچ چکے ہیں، میڈیا ٹیم کے ارکان بھی دارالحکومت منتقل ہو رہے ہیں جبکہ پاکستانی صحافیوں کی بڑی تعداد بھی نیویارک سے واشنگٹن جا رہی ہے۔

نیویارک میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں جب صحافیوں نے وزیرِاعظم سے صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بارے میں سوال کیا تو شہباز شریف مسکرا کر بولے کہ وہ اگلے دن اس پر بات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق، ممکن ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی اس ملاقات میں شریک ہوں۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں جنرل عاصم منیر پہلے پاکستانی فوجی سربراہ بنے تھے جنہیں وائٹ ہاؤس میں دو طرفہ ملاقات کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔

دوسری جانب، جب امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار سے ملاقات کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے محتاط انداز میں صحافیوں کو صدر ٹرمپ کے شیڈول کی طرف رجوع کرنے کو کہا۔ تاہم جمعرات کے لیے صدر ٹرمپ کا باضابطہ شیڈول تاحال جاری نہیں کیا گیا تھا۔

جواب دیں

Back to top button