
افغانستان کے صوبے ہلمند میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد گل رحمان عرف استاد مرید کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گل رحمان تنظیم کا آپریشنل کمانڈر اور مجید بریگیڈ کا ٹرینر تھا، جو پاکستان میں متعدد حملوں کی منصوبہ بندی اور تربیت میں ملوث رہا۔
ذرائع کے مطابق گل رحمان 17 ستمبر 2025 کو افغان صوبہ ہلمند میں ہلاک ہوا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی اس کی ہلاکت کی خبریں سامنے آئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بلوچستان کے علاقے بولان میں مارچ کے مہلک حملے، یعنی جعفر ایکسپریس دھماکے، کا ماسٹر مائنڈ تھا جس میں 26 بے گناہ افراد شہید ہوئے تھے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز، چینی شہریوں، عام پاکستانی عوام اور سی پیک منصوبوں پر حملوں میں ملوث رہا۔ رواں برس جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو ہلاک اور 350 سے زائد یرغمالیوں کو بازیاب کرایا تھا۔
گل رحمان کی ہلاکت کو پاکستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے باقی سیلز کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ملک میں امن قائم رکھا جا سکے۔







