
دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں کھلاڑیوں نے کھل کر اپنی کارکردگی پر بات کی۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران ہر کھلاڑی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بیٹنگ لائن کی ناکامی کا برملا اعتراف کیا۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ میچز کے دوران اسٹرائیک کو روٹیٹ نہ کرنے سے دباؤ بڑھا، جبکہ بولرز نے اس بات کو تسلیم کیا کہ موجودہ کنڈیشنز بیٹرز کے لیے کچھ زیادہ سازگار نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹیم نے مینجمنٹ کو یقین دلایا کہ سپر فور مرحلے میں بہتر کارکردگی دکھائی جائے گی۔ اس موقع پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹیم کے پاس کم بیک کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ میں اب تک تین میچز کھیلے ہیں جن میں سے دو میں کامیابی حاصل کی، تاہم روایتی حریف بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹورنامنٹ میں قومی بیٹرز تاحال اپنی فارم واپس حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔







