
لاہور (عبد الرحمان سے) گورنمنٹ گریجوایٹ کالج ٹاؤن شپ نے ایف ایس سی کے نتائج میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع لاہور کے سرکاری کالجز میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ لاہور بورڈ کے بوائز کے نتائج میں اوسط شرحِ کامیابی 50.92 فیصد رہی، جبکہ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج ٹاؤن شپ کی اوسط شرح کامیابی 68.28 فیصد رہی۔ اس طرح کالج کی کامیابی کی شرح بورڈ کی اوسط سے 17 فیصد سے زائد زیادہ رہی۔
کالج کے 908 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے 620 طلبہ کامیاب قرار پائے۔ اس نمایاں کامیابی کو ادارے کے لیے ایک اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
پرنسپل پروفیسر فاروق احمد گجر نے کہا کہ یہ کامیابی فیکلٹی کی محنت اور بھرپور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کالج مستقبل میں بھی طلبہ کی بہتر تعلیمی رہنمائی جاری رکھے گا۔







