
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی صوبائیت، نہروں یا ڈیم کا کارڈ نہیں کھیلا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ایک حقیقی قومی جماعت ہے جو ہمیشہ قومی سوچ اور قومی ترقی کو ترجیح دیتی آئی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جس ٹیم کو پیپلز پارٹی والے ناتجربہ کار قرار دے رہے ہیں، اسی ٹیم نے صرف ڈیڑھ سال کے اندر پنجاب میں 80 منصوبوں کے ذریعے ترقی کا انقلاب برپا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد "تجربہ کاروں” نے گزشتہ 17 سالوں میں کراچی اور سندھ کو جس حال تک پہنچایا ہے، اس پر عوام آج بھی کرب کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرجیل میمن کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔سندھ میں پچھلے سیلاب کی تباہ کاریوں کے نشانات آج تک باقی ہیں حالانکہ بیرونی امداد بھی فراہم کی گئی تھی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کے ادوار میں پیپلز پارٹی نے جو کردار ادا کیا وہ سب نے دیکھا اور پنجاب اس کردار کو کبھی نہیں بھولے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اس بات کو جھٹلانا کہ سیلاب کے دوران مریم نواز کی خدمات قابلِ تعریف تھیں، پیپلز پارٹی کی قیادت کو زیب نہیں دیتا۔







