
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر کمالیہ میں دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر انتہائی خطرناک اور اونچے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیڈ سدھنائی کو بچانے کے لیے دریائے راوی پر مائی صفورہ بند کو توڑ دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق بارودی مواد سے بند مائی صفورہ میں دو شگاف ڈالے گئے ہیں۔
صوبہ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونے والی سیلابی صورتحال کے مطابق سدھنائی ہیڈ ورکس میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 45 ہزار کیوسک ہے۔
ہیڈ سدھنائی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث مزید کئی دیہات زیر آب اور ہزاروں ایکڑ پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم آبپاشی سٹرکچر کو بچانے کے لیے بریچ یا بند توڑنا ناگزیر تھا۔







