
سرگودھا روڈ پر واقع پچیس پل کے قریب سیلابی پانی میں گھرے ایک خاندان کو ریسکیو 1122 نے معجزانہ انداز میں بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد رزاق کی اہلیہ کوثر بی بی کو اچانک دردِ زہ شروع ہوگیا، جبکہ ان کا گھر چاروں طرف سے سیلابی ریلے میں گھرا ہوا تھا۔ پانی کمر تک پہنچ چکا تھا اور باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہ تھا۔
رزاق نے گھبرائے ہوئے دل کے ساتھ ریسکیو 1122 پر کال کی۔ریسکیو کنٹرول روم سے فوری کارروائی کی گئی اور واٹر ریسکیو ٹیم خصوصی ایمبولینس بوٹ پر روانہ ہوئی۔
خطرناک حالات کے باوجود ریسکیو اہلکاروں نے ہمت نہیں ہاری، خاتون کو محفوظ طریقے سے اسپائن بورڈ پر منتقل کر کے کشتی کے ذریعے باہر نکالا اور قریبی سول ہسپتال جھنگ پہنچایا۔ہسپتال میں بروقت طبی سہولتیں ملنے کے بعد کوثر بی بی نے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا۔
اس موقع پر خاندان کے سربراہ محمد رزاق نے جذباتی انداز میں ریسکیو ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "ریسکیو اہلکار فرشتے ہیں جنہوں نے میری بیوی اور میرے بچے کو نئی زندگی دی۔
میں اپنے بیٹے کا نام ریسکیو کے بانی ڈاکٹر رضوان نصیر کے نام پر رضوان رکھوں گا تاکہ وہ بھی بڑا ہو کر ریسکیو 1122 کی طرح دکھی انسانیت کی خدمت کرے۔”ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ریسکیو 1122 نہ صرف حادثات اور آفات میں لوگوں کی جان بچا رہا ہے بلکہ انسانیت اور امید کی ایک روشن مثال بھی قائم کر رہا ہے۔







