
آٹھ پاکستانی فائٹرز نے ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ کےلئے کوالیفائی
کر لیا
لاہور ٟ پاکستان کامبیٹ نائٹ دی بیٹل آف ٹروتھ کے دوران آٹھ پاکستانی فائٹرز نے جارجیا میں ہونے والی ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ پانچ دیگر فائٹرز نے روڈ ٹو بریو 100 اور بحرین میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے اپنی جگہ بنا لی۔
یہ ایونٹ پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PAKMMAF) کے زیرِاہتمام اور حکومتِ پنجاب کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس میں سٹیڈیم مکمل طور پر بھر گیا اور شائقین کا جوش و خروش کسی کرکٹ میچ سے کم نہ تھا۔ اسلام آباد کے فائٹرز نے پاکستان اوپن ایم ایم اے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عبدالمعان، معیز ستی، صدیق اللہ، ایان حسین، شہاب علی، اور ساجد کاتوشی نے اپنے مقابلے جیت کر IMMAF ورلڈ چیمپئن شپ جارجیا کے لیے کوالیفائی کیا۔
فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے کہا کہ ایم ایم اے صرف کھیل نہیں بلکہ ایک ثقافتی طاقت ہے جو پاکستان کے سماجی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔







