تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

کرتارپور گردوارہ ڈوب گیا، پریشان کن مناظر، پانی ضلع نارووال کی جانب بڑھنے لگا

پاکستان اور بھارت کی سرحد پر بہنے والے دریائے راوی میں پانی کی شدید زیادتی کے باعث قریبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ ضلع نارووال کے متعدد دیہات میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے جہاں لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

مقامی صحافیوں کے مطابق دریائے راوی کے کنارے موجود تاریخی مقام، گرودوارہ کرتارپور صاحب بھی متاثر ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ قریب ہی بند ٹوٹنے کے باعث پانی دربار کے اندر تک داخل ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں یاتریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور ریسکیو ٹیمیں وہاں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

نارووال اور شکرگڑھ کے درمیان شاہراہ بھی زیرِ آب آ چکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نارووال کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 250 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ دریائے راوی اور نالہ اوج کے قریب جسٹر اور دیگر علاقوں میں پانی کے تیز بہاؤ نے مزید مشکلات کھڑی کر دی ہیں اور پانی تیزی سے نارووال کی جانب بڑھ رہا ہے۔

کمشنر گوجرانوالہ، نوید حیدر شیرازی کے مطابق پاکستانی فوج اور ریسکیو ٹیمیں بڑے پیمانے پر امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔ ان کے بقول سیالکوٹ سے ساڑھے چار ہزار اور نارووال سے دو سو افراد کو اب تک نکالا جا چکا ہے۔ اسی طرح وزیرآباد کے چار دیہات اور گجرات کے تقریباً پندرہ ہزار افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

کمشنر کا کہنا ہے کہ 21 مقامات پر ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا ہے اور اب تک 409 افراد اور ان کے مال مویشیوں کو بچایا گیا ہے۔ تاہم کچھ مقامات پر پانی کی شدت کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔ جھن مان سنگھ گاؤں کے اطراف میں پانی جمع ہو جانے کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق تمام متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کا ذخیرہ موجود ہے، اور مزید ضرورت پڑنے پر امدادی کارروائیاں بڑھا دی جائیں گی۔

جواب دیں

Back to top button