
انٹرنیٹ پر گزشتہ روز سے وزیر دفاع خواجہ آصف کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا کہ وہ جس بچے کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف ہیں اس بچے نے جیکٹ پہن رکھی ہے اور خواجہ آصف نے بھی ایک کوٹ پہن رکھا ہے شاید یہ ویڈیو موسم سرما کی ہے اور پرانی ہے ۔
وائرل شدہ ویڈیو میں سڑک کنارے اشیاء بیچنے والا بچہ وزیر دفاع کی گاڑی کے پاس آتا ہے اور کہتا ہے کہ نوازشریف آپ کے بھائی ہیں؟
جس پر وہ جواب دیتے ہیں کہ ہاں وہ میرے بھائی ہیں، بچہ کہتا ہے کہ پھر آپ انہیں بھی بلائیں ، وزیر دفاع نے جواب دیا کہ جب کہو گے بلا لیں گے، تو بچہ کہتا ہے کہ ابھی بلائیں ، خواجہ آصف مسکراتے ہیں اور کہتے ہیں ابھی تو ممکن نہیں ہے پھر کبھی بلا لیں گے ۔
بچہ مزید اس بارے میں پوچھتا ہے اور کہتا ہے کہ نوازشریف آپ کے چھوٹے بھائی ہیں؟
جس پر جواب دیتے ہیں کہ وہ بڑے بھائی ہیں اور میں ان کا چھوٹا بھائی ہوں ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف بچے سے پوچھتے ہیں کہ آپ یہاں کیا کر رہے ہو ؟
بچہ بتاتا ہے کہ میں یہ اشیاء فروخت کرتا ہوں کیونکہ میرے ماں اور باپ نہیں ہیں، میں اپنی بہنوں کے ساتھ کینٹ میں رہتا ہوں اور صبح کے وقت مشن سکول میں پڑھتا ہوں ۔
خواجہ آصف بچے کی یہ بات سن کر جذباتی ہو جاتے ہیں اور بچے کا بازو تھام لیتے ہیں ،اپنے قریبی افراد کو بچے کی کفالت کی ہدایت کر تے ہیں ۔







