
ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے ایک تقریب میں شرکت کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا برسلز کے ایونٹ میں سینکڑوں لوگوں نے فیلڈ مارشل کے ساتھ تصویر بنوائی۔
ان کا کہنا تھا آرمی چیف کی طرف سے کوئی انٹرویو نہیں دیا گیا، برسلز میں آرمی چیف نے کوئی سیاسی بات نہیں کی، پی ٹی آئی کا کوئی ذکر نہیں ہوا نہ ہی آرمی چیف نے کسی معافی کا ذکر کیا، ذاتی مفاد اور تشہر کیلئے یہ ایک صحافی کی اپنی کوشش ہے، افسوس کی بات ہے کہ سینئر صحافی ہو کر بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ برسلز میں اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جنگ کے فاتح کے طور پر استقبال کیا گیا تھا ۔
سینیئر صحافی سہیل وڑائچ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ سیاسی مصالحت سچے دل سے معافی مانگنے سے ممکن ہے۔
سہیل وڑائچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سیاسی مصالحت پر گفتگو کے دوران تخلیق آدم سے متعلق قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تخلیق آدم کے بعد ابلیس کے سوا سب نے آدم کو خدا کا حکم سمجھ کر قبول کیا، معافی مانگنے والے فرشتے رہے اور معافی نہ مانگنے والا شیطان بن گیا۔







