
کراچی میں منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کی خطرناک صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔
اربن فلڈنگ کے باعث شہر میں مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
گلستان جوہر بلاک 12 میں گھر کی دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اورنگی سیکٹر ساڑھے 11 میں گھر کی دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا۔
نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔
قائد آباد، لانڈھی، ملیر، گلشن حدید، لیاقت آباد سی ون ایریا اور دیگر علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے جب کہ شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم آر کیانی روڈ سمیت شہر کی بیشتر شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔







