
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2025-26 کے لیے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کردیا۔ اس بار کانٹریکٹ کا ڈھانچہ ہی بدل گیا ہے کیونکہ اے کیٹیگری ختم کردی گئی ہے۔ گزشتہ برس بابر اعظم اور محمد رضوان اے کیٹیگری میں شامل تھے، مگر اس بار کسی کو اس سطح کے قابل نہ سمجھا گیا۔
پی سی بی کے مطابق مجموعی طور پر 30 کھلاڑیوں کو کانٹریکٹ دیے گئے ہیں، جنہیں پرفارمنس کی بنیاد پر بی، سی اور ڈی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر کیٹیگری میں 10،10 کھلاڑی شامل ہیں۔ کانٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک لاگو ہوں گے۔ پچھلے سال یہ تعداد 27 تھی لیکن اس سال بڑھا کر 30 کردی گئی ہے، جن میں سے 12 بالکل نئے کھلاڑی ہیں۔
نئے چہروں میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور صوفیان مقیم شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 9 کھلاڑی اپنی پچھلی کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ 8 کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو کانٹریکٹ حاصل نہیں کر سکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود بی کیٹیگری سے ڈی کیٹیگری میں پہنچ گئے ہیں جبکہ نسیم شاہ بھی بی سے سی میں آگئے ہیں۔ اس سب کے بعد مرکزی سوال یہی بنتا ہے کہ اگر قومی ٹیم میں کوئی ایسا کھلاڑی موجود ہی نہیں جسے سب سے اوپر رکھا جا سکے، تو پھر گزشتہ سال کی اے کیٹیگری محض ایک خواب ہی رہ گئی ہے۔







