
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں 700 ارب روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق گردشی قرضہ 2300 ارب روپے سے کم ہو کر اب 1600 ارب روپے تک آ گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قرضے میں کمی کی بڑی وجوہات میں بجلی کے نقصانات میں کمی اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی وصولیوں میں بہتری شامل ہے۔ اس کے علاوہ نجی بجلی گھر (آئی پی پیز) سے ہونے والے معاہدوں پر بھی مالی بچت سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے درخواست پر سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، تفصیلی جائزے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا، اور امکان ہے کہ صارفین کو بجلی کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے فی یونٹ تک کا ریلیف ملے گا۔ یہ ریلیف کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگا۔







