تازہ ترینجرم کہانیخبریںپاکستان

جھنگ : فرسٹ ائیر کی طالبہ پر تیزاب گردی کا لرزہ خیز واقعہ

جھنگ میں تیزاب گردی کا لرزہ خیز واقعہ، طالبہ شدید زخمی، پولیس بے بس

جھنگ (رپورٹ مہر عنصر عباس سیال ) تھانہ مسن کی حدود میں تیزاب گردی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں دو نامعلوم ملزمان نے ایک فرسٹ ایئر کی طالبہ پر گھر میں گھس کر تیزاب پھینک دیا۔ 17 سالہ بشرا فاطمہ نامی طالبہ کا چہرہ بری طرح جھلس گیا اور اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال جھنگ منتقل کیا گیا، جہاں وہ برن وارڈ میں زیر علاج ہے، جبکہ اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

علاقے میں خواتین پر حملوں میں مسلسل اضافے نے عوام میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، روز بروز قتل، تشدد اور اب تیزاب گردی جیسے واقعات خواتین کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے تاہم تاحال مقدمہ درج نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق حملے کی ممکنہ وجہ ذاتی دشمنی یا طالبہ کو ہراساں کیے جانے کا شاخسانہ ہو سکتی ہے۔

تیزاب پھینکنے والے دونوں ملزمان فرار ہو چکے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ واقعہ پر عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ متاثرہ طالبہ کو انصاف اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button