تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

سندھ حکومت کا یومِ آزادی پر شاندار سجاوٹ کرنے والوں کے لیے انعام کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 14 اگست کی مناسبت سے صوبے بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات کے شاندار اور بھرپور شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر عمارتوں، گاڑیوں، دکانوں اور رکشوں کی خوبصورت سجاوٹ کرنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے۔

سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سوشل میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ یکم اگست سے شروع ہونے والی تقریبات کا مرکزی عنوان معرکۂ حق ہو گا، جو قومی غیرت، آزادی کی قدر اور ظلم کے خلاف سچ کی فتح کی علامت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی کی تقریبات محض روایتی رسومات تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ ان کا مقصد جذبۂ حب الوطنی کو جِلا دینا، سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنا، اور ان افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنہوں نے حالیہ سیلاب کے بعد نئی زندگی کا آغاز کیا۔

تقریبات کا تفصیلی شیڈول:

1 اگست سے: تقریبات کا آغاز، سجاوٹ کے مقابلے (گاڑیاں، عمارات، دکانیں، موٹر سائیکلیں، رکشے)

5 اگست: مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف احتجاجی تقریب

8 اگست: حیدرآباد میں خصوصی پروگرام، میئر الیون بمقابلہ منسٹرز الیون کرکٹ میچ

9 اگست: قلندرز الیون بمقابلہ بھٹائی الیون کرکٹ میچ (وزیراعلیٰ کی شرکت متوقع)، ملاکھڑا (کشتی) مقابلہ، کراچی میں کنسرٹ

10 اگست: سکھر میں تقریب، کراچی میں گدھا گاڑی ریس اور میراتھن (کلِفٹن تا فریئر ہال)

11 اگست: یومِ اقلیت، معذور افراد کے لیے خصوصی میلہ

13 اگست: سی ویو سے بوٹ بیسن تک ثقافتی کشتی فلوٹ، خواتین کی سائیکل ریلی (کراچی تا چوکنڈی)

9 تا 11 اگست: شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس میں یومِ آزادی کی سرگرمیوں کا امتزاج

دیگر نمایاں سرگرمیاں:

خواتین میلوں، مصوری، گائیکی، شاعری کے مقابلے

ونٹیج کار اور ہیوی بائیک ریلیاں

انسانی زنجیر بنانے کا قومی پروگرام

صوبے بھر میں اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے 114 سے زائد مقابلے

اُڑان پاکستان فلیگ شپ پروگرام کے اعلانات

گورکھ ہل اور تھر کے سیاحوں کے لیے خصوصی انتظامات

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سجاوٹ کے مقابلوں کے لیے مختلف جیوریز تشکیل دی جائیں گی جو گھروں، دفاتر، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں وغیرہ کی علیحدہ علیحدہ جانچ کریں گی۔ انعامات صرف مالی اخراجات کی بنیاد پر نہیں بلکہ حب الوطنی، تخلیقی صلاحیت اور عوامی جذبے کو مدِنظر رکھ کر دیے جائیں گے۔

مراد علی شاہ نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ تقریبات کی بھرپور کوریج کرے، نمایاں سجاوٹ دکھائے اور شہریوں کے انٹرویوز نشر کرے تاکہ عوامی جوش و خروش کو مزید تقویت ملے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی اور ٹریفک کے لیے مکمل پلان تیار کیا جا رہا ہے، جس کی نگرانی آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک کریں گے۔ انہوں نے تمام شہریوں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ان تقریبات کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

جواب دیں

Back to top button