
پاکستان کے وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
وزیرِ خزانہ کا امریکی سیکرٹری تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے بعد جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ٹیرف کے متعلق مذاکرات کا مقصد نان ٹیرف بیریئرز اور تجارت میں عدم توازن جیسے امور کو طے کرنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔ وزیرِ خزانہ کے مطابق، اس معاہدے میں وسیع تر اقتصادی، دوطرفہ اور اسٹریٹجک شراکت داری ابھر کر سامنے آئی ہے۔
سینیٹر اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس میں معاہدے کے طے پانے میں نجی شعبے کا بھی بہت اہم کردار رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم یہ سوچ رہے تھے کہ تجارت عدم توازن کو کیسے کم کیا جائے، تو نجی شعبے نے آگے بڑھ کر مدد کی پیشکش کی۔
وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ جیسے صدر ٹرمپ نے کہا ہے، آگے چل کر یہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن کا اسلام آباد کے ساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت دونوں ممالک مل کر پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر کو قابل بازیافت ذخائر میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے







