
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور پاکستان کے دوسرے صوبوں کے درمیان جمعرات کو ٹرین سروس معطل رہے گی۔
ریلویز کوئٹہ ڈویژن کے ترجمان محمد کاشف کی جانب سے میڈیا کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ اور پشاور کے درمیان چلنے والی جعفر ایکسپریس جبکہ کوئٹہ اور کراچی کے درمیان چلنے بولان میل کوئٹہ سے روانہ نہیں ہوئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اسی طرح پشاور سے چلنے والی جعفر ایکسپریس بھی کوئٹہ نہیں آئے گی۔
اگرچہ ریلویز کوئٹہ ڈویژن کے ترجمان نے آج ٹرین سروس کی معطلی کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم جب اس سلسلے میں ریلویز کوئٹہ کنٹرول کے ایک سینیئر اہلکار سے رابطہ کیا گیا تو انھوں بتایا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹرین سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تاہم ریلویز کوئٹہ ڈویژن کے ترجمان کے مطابق جمعہ سے شیڈول کے مطابق ٹرینوں کی آمدورفت شرو ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ کوئٹہ اور پاکستان کے دیگر شہروں کے درمیان ٹرینوں کو ضلع کچھی کے دشوار گزار علاقے بولان سے گزرنا پڑتا ہے جہاں ان پر حملے ہوتے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ سبی اور جیکب آباد کے درمیان بھی ماضی میں ٹرینوں پر حملے ہوئے ہیں۔
تاہم ٹرینوں کی آمدورفت کو محفوظ بنانے کے لیے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں







