
لاہور میں آج صبح ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کی سڑکوں کو تالاب میں بدل دیا۔
نجی میڈیا چینل کے مطابق لاہور میں بارش سے نشیبی علاقوں میں سڑکیں زیرآب آگئی ہیں اور کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ لاہور میں مسلسل 4 گھنٹے 14 منٹ بارش جاری رہی اور اب تک 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہورہی ہے جب کہ آئندہ 24 گھنٹے میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز الرٹ ہیں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 13جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، شہری احتیاط کریں، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور میں 6 گھنٹے سے مسلسل بارش ہورہی ہے، واسا اورضلعی انتظامیہ کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجودہیں، لاہور کے تمام انڈر پاسز کلیئر ہیں تاہم چندنشیبی علاقوں میں پانی کے نکاس کا کام جاری ہے۔







