
وزیراعظم شہباز شریف نے نانگا پربت کو کامیابی سے سر کرنے والی قطر کی شہزادی، محترمہ شیخہ اسماء الثانی کو پہاڑوں اور سیاحت کے لیے پاکستان کا برانڈ ایمبیسیڈر، سفیر مقرر کیا ہے۔
منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے انکی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے متاثر کن اور لچک کی علامت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز نے لکھا کہ مجھے محترمہ شیخہ اسماء الثانی کو پہاڑوں اور سیاحت کے لیے پاکستان کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے پر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ آپ کو نانگا پربت کی کامیاب چڑھائی پر دلی مبارکباد۔ یہ قابل ذکر کارنامہ واقعی متحرک اور متاثر کن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی حوصلے اور عزم کا پیغام ہے اور ساتھ ہی پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار دوستی کا ثبوت ہے۔
ایک پوسٹ میں، شیخہ اسماء نے اپنا شکریہ ادا کیا اور اپنی مہم جوئی بارے بتایا، انکا کہنا تھا کہ الحمدللہ، نانگا پربت، میرا نواں 8000 میٹر پہاڑ اور سب سے مشکل چڑھائیوں میں سے ایک جس کی میں نے کوشش کی ہے۔
نانگا پربت کی مہم جوئی پر انہوں نے مزید کہا کہ اس پہاڑ نے مجھے ہر تصوراتی طریقے سے آزمایا، میرے پیروں کے نیچے کالی برف اور ہر چند لمحوں میں پتھر گر رہے ہوتے تھے، جس نے مجھے مسلسل یاد دلایا کہ زندگی کتنی نازک ہے۔
قطری شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی شیخہ اسماء الثانی نے نانگا پربت کو کامیابی سے سر کیا، جو پاکستان کی بلند ترین اور خطرناک چوٹیوں میں سے ایک ہے، جس کی بلندی 8,126 میٹر ہے۔
نانگا پربت اپنے خطرناک خطوں اور انتہائی موسم کی وجہ سے "قاتل پہاڑ” کے نام سے جانا جاتا ہے، نانگا پربت کوہ پیماؤں کے لیے دنیا کے مہلک ترین مقامات میں سے ایک ہے۔
شیخہ اسماء کا کارنامہ نہ صرف ان کی ذاتی ہمت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ ایڈونچر اور قدرتی حسن کی مشترکہ تعریف کے ذریعے پاکستان اور قطر کے درمیان بڑھتے ہوئے رشتے کو بھی اجاگر کرتا ہے








