دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا، سیکیورٹی ذرائع

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آج بولان کے پاس ڈھاڈر کے مقام پر دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
مزید کہنا تھا کہ انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، دہشت گردوں نے معصوم مسافروں کو یرغمال بنا رکھا ہے، جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی بھی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں ہیں، دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کے ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا گھیراؤ کرلیا گیا، سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد افغانستان میں ماسٹر مائنڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں، دہشت گردوں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مشکل علاقے میں پیچیدہ آپریشن انتہائی اختیاط سے کیا جا رہا ہے، فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھیں گی۔
مزید کہنا تھا کہ حملہ پر بھارتی اور ملک دشمن سوشل میڈیا غیر معمولی طور پر متحرک ہے۔







