دنیا

نیٹو کے اتحادیوں نے خاطر خواہ خرچ نہ کیا تو ہم ان کا دفاع نہیں کریں گے، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو اتحادیوں کے دفاع پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے نیٹو اتحادی اپنے دفاع کے لیے خاطر خواہ رقم ادا نہیں کریں گے تو ہم ان کا دفاع نہیں کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں کو بتایا کہ ’یہ عام سی بات ہے، ٹھیک ہے، اگر وہ پیسہ نہیں دیں گے تو میں ان کا دفاع نہیں کروں گا، ہرگز ان کا دفاع نہیں کروں گا‘۔

امریکی صدر نے کہا کہ ’کئی سال سے اس نظریے پر قائم ہوں، 2021-2017 کی صدارتی مدت کے دوران نیٹو اتحادیوں کے ساتھ اس خیال کا اظہار کرچکا ہوں، ان کوششوں کی وجہ سے 75 سال پرانے اتحاد کے دیگر ارکان کی جانب سے زیادہ اخراجات کیے گئے، لیکن اب بھی یہ ناکافی ہے، انہیں زیادہ ادائیگی کرنی چاہیے۔‘

باہمی امداد کی شق نیٹو اتحاد کے مرکز میں ہے، جو 1949 میں اتحادی علاقے پر سوویت حملے کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے بنیادی مقصد کے ساتھ تشکیل دیا گیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے یورپ سے لے کر ایشیا تک کے دارالحکومتوں میں خطرے کی گھنٹی بج سکتی ہے، جہاں ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان تصادم اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے نمٹنے پر آمادگی ظاہر کرنے کے بعد رہنما پہلے ہی امریکی سیکیورٹی امداد کے خاتمے کے بارے میں فکرمند تھے۔

اس سے قبل جمعرات کے روز متعلقہ یورپی رہنماؤں نے دفاع پر زیادہ خرچ کرنے کے منصوبوں کی حمایت کی تھی اور یوکرین کے ساتھ کھڑے رہنے کا عہد کیا تھا۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے کہا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ کچھ لوگوں کو نیٹو کے مستقبل کے بارے میں خدشات ہو سکتے ہیں، لہٰذا میں یہ واضح کر دوں کہ ٹرانس اٹلانٹک تعلقات اور ٹرانس اٹلانٹک پارٹنرشپ ہمارے اتحاد کی بنیاد ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’صدر ٹرمپ نے امریکا کی وابستگی اور نیٹو کے ساتھ ذاتی طور پر اپنی وابستگی کو واضح کر دیا ہے اور اس سے یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ ہمیں یورپ میں دفاعی اخراجات کے حوالے سے مزید کام کرنا ہوگا۔‘

اوول آفس میں ٹرمپ نے کہا کہ نیٹو کے ارکان ان کے دوست ہیں، لیکن انہوں نے سوال کیا کہ کیا فرانس یا چند دیگر نیٹو ممالک کسی بحران میں امریکا کی حفاظت کریں گے؟

امریکی صدر نے کہا کہ ’آپ کو لگتا ہے کہ وہ آئیں گے اور ہماری حفاظت کریں گے؟ انہیں ایسا کرنا چاہیے، تاہم مجھے یقین نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اگر اخراجات کا مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے تو وہ نیٹو کو ممکنہ طور پر اچھا سمجھتے ہیں، انہوں نے سیکیورٹی اتحاد کے بارے میں کہا کہ وہ ہمیں تجارت کے معاملے پر پریشان کر رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران نیٹو کے باہمی دفاع کے لیے امریکا کے وعدوں کا اعادہ کیا تھا۔

جواب دیں

Back to top button