بلوچستان: دہشتگردوں کی کوسٹل ہائی وے پر ناکا بندی، درجن سے زائد گیس باؤزر جلا دیے

کوسٹل ہائی وے بزی ٹاپ کے مقام پر مسلح دہشت گردوں نے گاڑیوں پر حملہ کر دیا، مسلح افراد نے ناکہ بندی کرتے ہوئے ایک درجن سے زائد گیس باؤزر جلا دیے۔
مسلح دہشت گردوں نے کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے مقام پر ناکا لگاکر گاڑیوں کو روکا، اس دوران پولیس موبائل کو بھی نذر آتش کر دیا گیا۔
دہشت گردوں نے پسنی اور اورماڑہ کے درمیان کوسٹل ہائی وے پر ناکا بندی کر رکھی تھی، جنہوں نے نے ایک درجن سے زائد گیس باؤزر کی گاڑیاں جلادیں، واقعے کی اطلاع ملنے پر فورسز کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد مسلح دہشتگرد فرار ہوگئے، جب کہ کوسٹل ہائی وے پر عارضی طور پر معطل ٹریفک بحال ہوگیا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بلوچستان کے ضلع قلات میں قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کارپس (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید، جب کہ 4 زخمی ہو گئے تھے۔







