پاکستان ابوظبی کے درمیان بینکنگ، کان کنی اور ریلویز سمیت کئی ایم او یوز اور معاہدے

ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید ال نہیان اسلام آباد کا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کی شام وطن واپس روانہ ہو گئے۔ دورے کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے شعبوں میں معاہدوں اورمفاہمت کی دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے شعبوں میں معاہدوں اورمفاہمت کی دستاویزات پردستخط ہوئے۔
اس ضمن میں جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید ال نہیان، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور یو اے ای کے وفد کے ارکان موجود تھے۔
اس موقع پر یو اے ای کے سید بصارشعیب اورسیکریٹری خزانہ امداداللہ بوسال نے بینکنگ کے شعبے میں معاہدے کے مسودوں کا تبادلہ کیا، جب کہ علی الراشدی، سعید احمد اورفہیم حیدرنے کان کنی کے شعبے میں معاہدے کے مسودوں کا تبادلہ کیا۔







