پاکستان اور آذربائیجان میں 2ارب ڈالر سرمایہ کاری پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف عوام کا درد اپنے دلوں میں محسوس کرتے ہیں۔ ماضی میں وہ سالہا سال تک پنجاب کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں، اس حیثیت سے اُن کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ صوبے اور اُس کے عوام کی بہتری کے لیے وہ شب و روز مصروفِ عمل رہتے تھے اور اگر کہا جائے کہ اُنہوں نے صوبے اور اس کے عوام کی قسمت بدل کر رکھ دی تو غلط نہ ہوگا۔ اُنہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالے سال کے قریب ہونے کو ہے، اس دوران اُنہوں نے ملک اور قوم کو ناصرف مشکلات سے بھنور سے نکالا، بلکہ معیشت کو مضبوطی اور استحکام عطا کرنے کے لیے بیش بہا خدمات سرانجام دیں۔ ملک کو مضبوط اور عالمی سطح پر ممتاز مقام دلانے کے لیے دن رات مصروفِ عمل رہتے ہیں۔ منصب سنبھالتے ہی بہت سارے ممالک کے دورے کیے اور اُن حکومتوں کو پاکستان میں عظیم سرمایہ کاریوں پر رضامند کیا۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ چین بھی بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے۔ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت کی جانب سے سرمایہ کاریاں جلد متوقع ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف ان دنوں بیرون ممالک کے دورے پر ہیں۔ وہ منگل کو آذربائیجان کا دورہ مکمل کرکے ازبکستان پہنچے ہیں۔ قبل ازیں آذربائیجان کے ساتھ دو ارب ڈالر سرمایہ کاری کا عظیم معاہدہ طے پایا ہے جب کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تیل و گیس، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذر بائیجان کے ساتھ طے پانیوالے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے، دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے پر اتفاق ہوا اور 2ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں دستخط ہوں گے، دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو بڑھائیں گے، گوادر بندرگاہ علاقائی تجارت کیلئے انتہائی اہم ہے، آذربائیجان کی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتے ہیں، کارا باخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ دو روزہ دورہ آذربائیجان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے صدارتی محل میں ون آن ون ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقتصادی تعاون اور تجارت کے فروغ سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر نے شرکت کی، تقریب کے دوران پاکستان اور آذربائیجان میں ایل این جی کی خرید و فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدہ ہوا۔ اس موقع پر اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور ایف ڈبلیو او میں مچلکے ٹھلیاں وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی مفاہمتی یادداشت اور اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ آذربائیجان کے شہر نخ چیوان اور پاکستان کے شہر لاہور کی درمیان ثقافتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ اس موقع پر آذربائیجان کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے دورے کی دعوت اور بھرپور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا مشکور ہوں، آذربائیجان کے صدر کے ساتھ انتہائی تعمیری مذاکرات ہوئے، صدر الہام علیوف کے پاکستانی عوام کے ساتھ لگائو پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ دوستی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطح پر تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے، باکو کی طرز پر اسلام آباد کو بھی خوبصورت شہر بنانے میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے، 2ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں اسلام آباد میں دستخط ہوں گے، قریبی دوطرفہ تعلقات کو معاشی میدان میں بھی وسعت دینی ہے، دوطرفہ تعاون کے معاہدوں کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتے ہیں، کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کے اصولی موقف کو سراہتے ہیں، کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد 7دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری ہے، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے دو ریاستی حل ناگزیر ہے، چاہتے ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی پائیدار اور دیرپا ہو۔ اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ آذربائیجان کا دورہ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں، اپنے بھائی شہباز شریف کو آذربائیجان میں خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ آذربائیجان انتہائی اہم نوعیت کا تھا۔ اس میں دو ارب ڈالر سرمایہ کاری کا معاہدہ ملک و قوم کے مفاد میں خاصا مفید ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ جن معاہدات اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، اس سے دونوں ملک اور اُن کے عوام کو دیرپا فوائد ملیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف عظیم رہنما ثابت ہوئے ہیں، جن کی سربراہی میں ملک تیزی سے ترقی اور خوش حالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں۔ ان کی ملک و قوم کے لیے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے اقدامات کے طفیل کچھ ہی سال میں پاکستان دُنیا میں ممتاز مقام حاصل کرے گا اور خوش حالی قوم کا مقدر بنے گی۔
آپریشن میں 10خوارج ہلاک
پاکستان کو نقصان پہنچانے کی دشمنوں کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ وطن عزیز تاقیامت قائم رہے گا اور ترقی و خوش حالی جلد اس کا مقدر بنے گی۔پچھلے تین برس سے دہشت گردی کا عفریت پھر سے سر اُٹھانے کے لیے مذموم کوششوں میں لگا ہوا ہے، خصوصاً سیکیورٹی فورسز کو اس کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے، کبھی سیکیورٹی قافلوں پر حملے کیے جاتے ہیں، کبھی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، کبھی اہم تنصیبات پر دھاوا بولا جاتا ہے، ان مذموم حملوں میں ہر بار ہی انہیں ناکام ہونا پڑا کہ ہمارے بہادر جوانوں اور افسران نے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ہمارے کئی جوان اور افسران جام شہادت نوش کرچکے ہیں، ملک و قوم کے لیے ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ وطن عزیز پہلے بھی تنِ تنہا دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کرچکا ہے، اس بار بھی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کاوشیں جاری ہیں، جن میں بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ بہت سارے دہشت گرد مارے جاچکے اور گرفتار کیے جاچکے جب کہ بہت سے علاقے ان کے ناپاک وجود سے پاک کیے جاچکے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے تحت روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز جاری ہیں، جن میں دہشت گردوں کا صفایا ہورہا ہے۔ گزشتہ روز بھی کے پی کے میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 10خوارج کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔ خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 10خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باغ کے علاقے میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران 10خوارج ہلاک ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شرپسند علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ 10خوارج کی ہلاکت بلاشبہ بڑی کامیابی ہیں۔ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور اس حوالے سے اُن کی کارروائیاں سب کے سامنے ہیں، کامیابی مقدر بن رہی ہے۔ جلد فتنۃ الخوارج مکمل ختم ہوجائے گا اور امن و امان کی صورت حال مزید بہتر ہوگی اور ملک تیزی سے ترقی اور خوش حالی کی منازل طے کرے گا۔







